لاس اینجلس: گلوکارہ سلینا گومز نے رئیر بیوٹی کے نام سے میک اپ کی برانڈ متعارف کرادی جس کے عالمی سطح پر آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سلینا گومز کی برانڈ رئیر بیوٹی آئندہ ماہ یکم جولائی سے عالمی سطح پر متعارف کرادی جائے گی۔ اس موقعے پر گلوکارہ نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم یکم جولائی کو پراڈکٹ کا بین الاقوامی سطح پر آغاز کریں گے۔
معروف گلوکارہ سلینا گومز نے کہا کہ اپنی میک اپ برانڈ متعارف کرانا میرا دیرینہ خواب تھا۔میں یہ جاننے کیلئے بے چین ہوں کہ میرے مداح اور عوام الناس اسے خریدیں اور استعمال کرکے دیکھیں کہ میری مصنوعات کے ذریعے ان کے چہرے کا کون سا نیا روپ سامنے آتا ہے۔
سلینا گومز کی رئیر بیوٹی برانڈ جن ممالک میں متعارف کرائی جائے گی، ان میں بد قسمتی سے پاکستان شامل نہیں۔ تاہم، پاکستانی صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی مارکیٹس میں رئیر بیوٹی جلد متعارف کرادی جائے گی۔
دوسری جانب فرانس، اسپین، جرمنی، اٹلی، پولینڈ، سوئیڈن، ڈنمارک، روس، سوئٹزرلینڈ، یونان، پرتگال، ترکی، رومانیہ، عرب امارات، قطر، سعودی عرب، بحرین اور کویت کے لوگ رئیر بیوٹی کو سیفورا نامی فرانسیسی ریٹیلر کے ذریعے خرید سکیں گے۔