کراچی:کراچی کے ریڈ زون میں ممکنہ حفاظتی خدشات اور دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ گاڑیوں اور آنے جانے والے افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ساوتھ جاوید اکبر ریاض نے بتایا کہ مختلف خفیہ رپورٹس میں کراچی کے ریڈ زون خاص طور پر مختلف ممالک کے قونصل خانوں کے حوالے سے سیکورٹی خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
مختلف قونصل خانوں اور سفارتی عملے کی رہائش گاہوں کے اطراف سیکورٹی میں اچانک اضافہ کیا گیا ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے اور روسی قونصل خانے کے اطراف حفاظتی انتظامات پہلے سے مزید سخت کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈولمن مال کے حوالے سے بھی سیکورٹی خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔ جبکہ کلفٹن کے 4علاقوں کو مکمل سیل کردیا گیا ہے،ان علاقوں میں ٹریفک کی آمدو رفت بند کردی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق اس علاقے میں پولیس کی مزید 4 موبائلز اور ان پر چوکس عملے کو تعینات کرکے اضافی طور پر ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ بکتر بند گاڑیاں اور پولیس کی دیگر گشت کرنے والی گاڑیاں پہلے سے ہی اس علاقے میں تعینات ہیں۔
اس کے علاوہ ڈولمن مال کے حوالے سے بھی سیکورٹی خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔ جبکہ کلفٹن کے 4علاقوں کو مکمل سیل کردیا گیا ہے ،ان علاقوں میں ٹریفک کی آمدو رفت بند کردی گئی ہے۔
شہر کے ریڈ زون یا غیر ملکی اداروں کے دفاتر کے اطراف سیکورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے،جبکہ پیدل آنے جانے والے افراد کی بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ آنے والے چند دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ ناکام ہونے کے بعد دہشت گرد گروپوں کی جانب سے مختلف شرپسندی کی منصوبہ بندیاں سامنے آ رہی ہے۔