کولمبو:سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن منیجر کے قتل کے بعد لنکا پریمیئر لیگ میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکن منیجر کو توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے قتل کرنے کے بعد لاش کو آگ لگادی تھی۔جس کے باعث ممکنہ رد عمل سے بچنے کے لئے کرکٹرز کی سیکورٹی بڑھائی گئی ہے۔
شعیب ملک اور محمد حفیظ سمیت ایک درجن پاکستانی کرکٹرز لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے سری لنکا میں موجود ہیں۔سری لنکن کرکٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جمعہ کو پیش آنے والے واقعے کے بعد اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی کیونکہ اس واقعے کے سبب سری لنکا بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
سری لنکن کرکٹ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کی نہیں بلکہ تمام کرکٹرز اور عملے کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ڈھاکہ ٹیسٹ، پاکستان کی اننگز 300پر ڈکلیر، بنگلہ دیش کے 7کھلاڑی آؤٹ