راولپنڈی: سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں پانچ مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران فوجی دستوں نے خوارج کے مقام پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی ۔ آپریشن میں خارجی شاہ گل عرف روحانی سمیت پانچ خوارج مارے گئے۔
شمالی وزیرستان کے ضلع میں دو الگ الگ مقابلوں میں دوسالی اور ٹپی میں سیکورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جہاں پانچ خوارج کو جہنم رسید کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع لکی مروت میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں دو خوارج مارے گئے۔
اس کے علاوہ ضلع خیبر کے جنرل علاقے باغ میں ایک آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک اور خارج کو ہلاک کردیا۔
ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہواجو سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے خوارج کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔