اسلام آباد: کیویز کے دورے سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا 2 رکنی سکیورٹی وفد پاکستان پہنچا ہے جو جڑواں شہروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہے جس سے قبل کیوی بورڈ کا وفد پاکستان پہنچا جس میں پلیئر ایسوسی ایشن کے ہیتھ ملز اور آزاد سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن شامل ہیں۔
وفد کی پاکستان آمد کا مقصد پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز سے قبل راولپنڈی اسلام آباد میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔ وفد کے اراکین جڑواں شہروں کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم کیلئے ہوٹل اور پنڈی اسٹیڈیم میں کرکٹ کے انتظامات بھی دیکھے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے نیوزی لینڈ کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔پی سی بی کی جانب سے کیوی وفد کو مہمان ٹیم کیلئے یہاں کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات پر اعلیٰ سطحی بریفنگ دی جائے گی۔ کیوی وفد لاہور بھی جائے گا۔
لاہور میں کیوی وفد قذافی اسٹیڈیم اور ٹیم ہوٹل سمیت دیگر مقامات پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا۔ کیوی ٹیم آئندہ ماہ 14 اپریل کو پاکستان میں 5 ٹی 20 میچز پر مبنی سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچے گا۔
پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین ٹی 20 سیریز 28 اپریل تک جاری رہے گی جس کا پہلا میچ 18 اپریل کو ہونا ہے۔ پہلے مرحلے کے 3 ٹی 20 میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ 2 لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔