کراچی: پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکے میں کم از کم 44 افراد کی شہادت کے بعد سندھ رینجرز نے کراچی میں امام بارگاہوں اور مساجد کی سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے شہر بھر میں امام بارگاہوں اور مساجد کی سیکیورٹی سخت کردی اور اسنیپ چیکنگ شروع کردی۔
شہریوں کے ’مجرمانہ ریکارڈ‘ کی تصدیق کے لیے اسنیپ چیکنگ کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے آلات استعمال کیے جا رہے ہیں۔
یہ پیشرفت پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں ایک خودکش بم دھماکے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کم از کم 44 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ عصر کی نماز کے لیے مسجد میں جمع تھے۔
پشاور کے کمشنر ریاض محسود نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسجد کے اندر ریسکیو آپریشن جاری ہے کیونکہ متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:پشاور دھماکے میں کون کون شہید ہوا، فہرست جاری
سیکیورٹی حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نماز کے دوران اگلی صف میں موجود تھا کہ اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے ظہر کی نماز ادا کرنے والے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔