شہرِ قائد میں میٹرک کے امتحانات شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل راتوں رات امتحانی مراکز تبدیل کیے جانے کے باعث لاکھوں طلبہ و طالبات پریشان ہو گئے۔
ایم ایم نیوز کو دستیاب معلومات کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہوگئے۔ صبح کی شفٹ میں نویں اور دوپہر کی شفٹ میں دسویں جماعت کے پرچے لیے جائیں گے۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی
سندھ کے مختلف شہروں بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، اور میرپورخاص میں ہونے والے امتحانات میں مجموعی طور پر 7 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں جن کے سینٹرز راتوں رات بدل دئیے گئے۔
کراچی میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہی پریشان کن رہا۔ راتوں رات مراکز تبدیل کیے جانے کے باعث آج صبح جب طلبہ و طالبات نے پورٹل چیک کیا تو ان کا سینٹر تبدیل ہوچکا تھا۔
یہی نہیں، بلکہ جن اسکولوں میں نئے سینٹرز قائم کیے گئے ہیں وہاں کی انتظامیہ اپنے اسکولوں میں امتحانی مراکز قائم ہونے سے بے خبر ہے جس کے باعث پرچوں کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے تاہم چیئرمین میٹرک بورڈ نے طلبہ و طالبات کو تسلی دے دی۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی شرف علی شاہ نے کہا کہ صرف چند امتحانی مراکز تبدیل کیے گئے ہیں۔ تبدیل شدہ امتحانی مراکز کے طلبہ کسی بھی سینٹر پر امتحان دے سکیں گے، تاخیر سے پہنچنے والے امیدواروں کو اضافی وقت بھی دیں گے۔
دریں اثناء سکھر بورڈ کے زیراہتمام ہونے والے میٹرک امتحانات میں نقل کا آغاز ہوگیا ہے اور نویں جماعت کا انگلش کا پرچہ وقت سے قبل ہی آؤٹ ہوچکا ہے۔ یہ پرچہ مختلف واٹس ایپ گروپس میں لیک کیا گیا۔