کراچی کے ثانوی تعلیمی بورڈ نے طلبہ اور امتحانی امیدواروں کیلئے بڑی اور اہم سہولت کا اعلان کر دیا ہے، جس سے طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے بورڈ سے الحاق شدہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں کے سال 2024 کے انرولمنٹ کارڈ آن لائن جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انرولمنٹ کارڈ بورڈ کے آفیشل ویب پورٹل پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں، اسکول سربراہان اپنے اپنے اسکولوں کے طلبا و طالبات کے آن لائن انرولمنٹ کارڈ 27 اگست 2024 سے بورڈ کی آفیشل ویب پورٹل سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور بورڈ کی آفیشنل ویب سائیٹ (online.bsek.edu.pk) ہے، اس پورٹل پر تمام طلبا و طالبات کا ڈیٹا دستیاب ہو گا۔
انہوں نے اسکول سربراہان کو کہا ہے کہ بورڈ سے الحاق شدہ اسکول آن لائن انرولمنٹ کارڈ اپنے اسکول کے کوڈ سے پورٹل کو لوگ ان (Login) کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے ، پورٹل سے انرولمنٹ کارڈ جلد از جلد ڈاؤن لوڈ کر کے اس کی جانچ اور تصدیق کریں۔
واضح رہے کہ ویب پورٹل پر انرولمنٹ کارڈ پرکسی بھی قسم کی غلطی کو فی الحال درست نہیں کیا جا سکتا، اس حوالے سے تمام اسکولوں کو جلد ہی مطلع کر دیا جائے گا۔