اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کی سندھ میں بلدیاتی الیکشن روکنےکی استدعا مسترد کردی ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے وکیل فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کا حکم بھی دیا جائے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی حکومت چاہے تو جواب جمع کرا دے۔
عدالت نے سندھ حکومت سے تحریری جواب طلب کیا، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے استدعا کی کہ سندھ حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے کیلئے 2 ہفتوں کا وقت دیا جائے۔
عدالت نے سندھ حکومت کو 2 ہفتوں کی مہلت دینے سے انکار کردیا اور 4 اگست تک جواب جمع کرانےکا حکم جاری کردیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کا ججز بینچ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے مقدمے کی سماعت بھی کر رہا ہے جس کے دوران عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر فل کورٹ بینچ بنانے کی منظوری دیتے تو معاملہ ستمبر تک چلاجاتا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ فل کورٹ بینچ بنانے کی استدعا اس لیے بھی منظور نہیں کی جاسکتی کیونکہ عدالتی تعطیلات ہیں۔ فل کورٹ بینچ تب بنایا جاتا جب معاملہ پیچیدہ ہوتا۔ کیس پیچیدہ نہیں، اس لیے فل کورٹ بینچ نہیں بن سکتا۔