اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان صدرِ مملکت کی طرف سے دائر کردہ ریفرنس میں اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ انتخابات پر اپنی رائے آج سنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق عدالتِ عظمیٰ صدارتی ریفرنس پر محفوظ کی گئی رائے آج سنائے گی جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ آج صبح 9 بج کر 30 منٹ پر رائے سنائے گا۔
گزشتہ ماہ 25 فروری کے روز سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے محفوظ کی تھی۔ کورونا وائرس میں مبتلا اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہونے سے معذرت کرچکے ہیں۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ برس 23 دسمبر کو سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ طریقۂ کار کے تحت کرانے پر سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا تھا۔ ریفرنس میں سپریم کورٹ سے سینیٹ انتخابات کے طریقۂ کار پر رائے طلب کی گئی۔
رواں برس 4 جنوری کو صدارتی ریفرنس پر پہلی سماعت ہوئی تھی۔ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے پر اب تک مجموعی طور پر 20 سماعتیں ہوچکی ہیں۔ پی پی پی، ن لیگ، جے یو آئی اور جماعتِ اسلامی سمیت دیگر فریقین نے اوپن بیلٹ طریقۂ کار کی مخالفت کی۔
یہ بھی پڑھیں: صدارتی ریفرنس، سپریم کورٹ نے جسٹس فائز کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا