پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کی حکومت نے 9ویں سے 12ویں جماعت تک کے تمام تعلیمی اداروں کو عید تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبائی حکومت نے وفاقی سے فوج کی امداد طلب کرلی ہے۔
کے پی کے حکومت نے کورونا سے وباء سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ایک بار پھر سے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں 19 اپریل کو صوبے کے 21 سے زیادہ کورونا متاثرہ اضلاع میں 9ویں اور 12ویں جماعت تک کے تعلیمی اداروں کو کھولا تھا، تاہم گزشتہ روز کے این سی او سی اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں اب دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے پی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کوروناوائرس کے 5 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے، تاہم آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق صوبے میں تمام کاروبار شام 6 سے سحری تک بند رہیں گے، البتہ ادویات کی دکانیں، ویکسینیشن مراکز، تندور، ٹیک اوے کے لیے ہوٹل وریستوران اور پٹررول پمپ کھلے رہیں گے، ہفتہ اور اتوار کے دودن تمام کاروباری مراکز بند البتہ اشیائے خوردونوش اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے مطابق تمام سرکاری و نجی دفاتر صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے، اور دفاترمیں 50 فیصد عملہ دفاتر اور نصف گھروں سے کام کرے گا، فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد سواریاں سفر کرسکیں گی، صوبہ بھر میں تمام سینما اور مزارات بند، تمام کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، تفریحی پارک، انڈور جمز اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے، جب کہ نماز تراویح کا انعقاد کھلی جگہوں پر کیا جائے گا۔
دوسری جانب کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے لئے کےپی کے کی صوبائی حکومت نے وفاق سے آرمی طلب کرنے کا مراسلہ ارسال کیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مراسلے کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں آرمی کی خدمت لینے کا فیصلہ ہوا تھا، لہٰذاہ وفاقی حکومت فوج کی خدمات صوبے کے لیے فراہم کرے، تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے فوج سول انتظامیہ کی مدد کرے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل سیزن 6 کے باقی میچز کےلئے ڈرافٹ آئندہ ہفتے ہو گا، پی سی بی