اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو وفاق ،پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ایک مافیا کو مایوسی ،ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی، اپنا پیسا بچانے والے اِس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قانونی ٹیم نے ترجمانوں کو عدالتی فیصلے اور کارروائی پر بریفنگ دی اور عدلیہ کے کردار کی تعریف کی گئی۔
وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا ہے کہ فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے، عدالت نے آئندہ کیلئے بھی رہنمائی کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے اس طرح کے سوالات کبھی سامنے نہیں آئے لہٰذا عدالت اور قانون کی رہنمائی میں آئندہ کیلئے قانون سازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مافیا کو مایوسی اور ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی، اپنا پیسا بچانے والے اِس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے سے بیرونی دشمن اور اندرونی مافیاز کو مایوسی ہوئی، وزیراعظم