کراچی: موسلادھار بارش اور گلاب نامی سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر سندھ بورڈ اف ٹیکنیکل ایجوکشن نے امتحانات ملتوی کردئیے۔
ایسوسی ایٹ انجینئرنگ ڈپلومہ کے کل سے لے کر دو اکتوبر تک تمام امتحانات ملتوی کردئیے گئے،امتحانات کا نیا شیڈول جاری،امتحانات اب نو، گیارہ اور بارہ اکتوبر کو ہوں گے
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان کی تشکیل ہورہی ہے اور ڈپریشن 24 گھنٹوں میں سائیکلونک اسٹارم میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
طوفانی بارشیں کراچی سمیت دیگر اضلاع میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں، جبکہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، میرپور خاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور بدین میں کل سے 2 اکتوبر کے دوران شدید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی رہ سکتی ہے لہٰذا ماہی گیر 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں نہ جائیں۔سمندری طوفان گلاب بھارتی گجرات کے جنوب میں موجود ہے اور کل تک سسٹم شمال مشرقی بحیرہ عرب پہنچ کرشدت اختیار کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کل سے 3 اکتوبرکے درمیان بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان کی تشکیل، کراچی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ