اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 3فیصد اضافے کا اعلان کردیا، جس کے بعد ملک میں شرح سود 20 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری مانیٹری پالیسی بیان کے مطابق شرح سود 3 فیصد بڑھا رہے ہیں جس کے بعد شرح سود 20 فیصد ہوگا۔
دوسری جانب انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج صبح سے ہی ڈالر کی قدرمیں اضافہ دیکھا جارہا ہے، انٹربینک میں 18 روپے 89 پیسے اضافے کے بعد ڈالر 285 روپے کی سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت بڑھنے سے قرضوں کے بوجھ میں 1800 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، خیال رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 266 روپے 11 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب معاشی ماہرین ڈالر کی قیمت میں اضافے کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے میں تاخیر کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5ارب کا رمضان ریلیف پیکیج منظور کر لیا
ٹاپ لائن سیکورٹیز کے چیف ایگزیکٹو محمد سہیل کے مطابق آئی ایم ایف سے فنڈنگ ملنے میں تاخیر کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورتحال جنم لے رہی ہے۔