تہران: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی عرب اور ایران کے درمیان خارجہ تعلقات کی بحالی کے بعد پہلی بار ایران پہنچ گئے۔
ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ آج ایران کے دورے پر دارالحکومت تہران پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔
سعودی وزیر خارجہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے بعد ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے اور سعودی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ایران ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے دورہ تہران کے دوران ایران میں سعودی سفارت خانہ اور قونصل خانہ دوبارہ کھلنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ ایران نے 6 جون کو سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ اور جدہ میں قونصل خانہ دوبارہ کھولا ہے۔
مزید پڑھیں:سعودی خلا باز سائنسی مشن مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے کشیدہ تعلقات چین کی معاونت سے مارچ میں دوبارہ بحال ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات 2016 میں خراب ہوگئے۔