سعودی عرب نے ملک چھوڑنے کے لیے پاکستانی زائرین کی ڈیڈ لائن میں توسیع کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سعودی عرب نے پاکستانی عازمینِ حج اور سیاحوں کیلئے ڈیڈ لائن میں توسیع کردی
سعودی عرب نے پاکستانی عازمینِ حج اور سیاحوں کیلئے ڈیڈ لائن میں توسیع کردی

ریاض: سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز کے مطابق سعودی حکومت  نے ملک چھوڑنے کے لیے پاکستانی عازمین و زائرین کے لیے ڈیڈ لائن میں توسیع کردی ہے۔

سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کے مطابق ڈیڈ لائن میں توسیع کی یقین دہانی حاصل کر لی گئی ہے۔ سعودی عرب اگلے دو ہفتوں کے لیے عازمین اور اقامہ رکھنے والوں کی وطن واپسی کے لیے فلائٹس کو آمد کی اجازت دے رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ اب سعودی رہائش کا اقامہ رکھنے والے اپنی چھٹیاں پاکستان میں گزار سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے لیے فلائٹ آپریشنز بند کر دئیے گئے ہیں۔

پاکستانی سفیر کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے لیے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر فلائٹ آپریشنز بند کردئیے ہیں جس کے بعد پاکستان نے سعودی حکومت سے خصوصی درخواست کی۔

عرب ملک میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز کے مطابق پاکستان کی خصوصی درخواست پر سعودی حکومت نے اجازت دی کہ پاکستانی شہریوں کو 2 ہفتے تک وطن واپس لانے کے لیے فلائٹ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔

پاکستان سے زائرین کو وطن واپس لانے کے لیے ایسے فلائٹ آپریشنز قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی طرف سے کیے جائیں گے اور پاکستانی شہریوں کو جدہ اور مدینہ سے واپس لایا جائے گا۔

سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ سعودی اقامہ رکھنے والے شہری بھی ان فلائٹس کا استعمال کرکے وطن واپس آسکیں گے۔ ہم نے سعودی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ 27 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں کام کرتے ہیں۔

راجہ علی اعجاز کے مطابق پاکستان نے سعودی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن کے تحت پاکستان آنے والے شہری سعودی عرب واپس جا کر اپنا کام ایک بار پھر شروع کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سعودی حکام اس ضمن میں پاکستان کی درخواست قبول کریں گے۔ سعودی حکومت اور حکام نے عوام اور اقامہ رکھنے والوں کو کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے دوران وطن لوٹنے کی ہدایت کی تھی۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی ایوی ایشن نے تمام کمرشل پروازوں کو دو ہفتوں کے لیے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔،بیرون ملک سے سعودی عرب آنے والی تمام پروازوں پر گزشتہ روز پابندی عائد کی گئی۔

سعودی ایئرپورٹس کو مقامی وقت کے مطابق دن 11 بجے بین الاقوامی پروازوں کیلئے بند کردیا گیا۔سعودی سول ایوی ایشن گاکا نے باقاعدہ ناٹم جاری کردیا۔پی آئی اے کو بھی پروازوں کی بندش سے متعلق آگاہ کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: سعودیہ کا تمام کمرشل پروازوں کو  منسوخ کرنے کا فیصلہ

Related Posts