کراچی: شہر قائد میں بدامنی کے سائے مزید گہرے ہونے لگے، سعود آباد پولیس کابیٹر ندیم عرف سنی علاقے میں خوف کی علامت بن گیا، گٹکا ماوا کی فروخت اور فائرنگ کے واقعات عام ہوگئے، مکین پریشان، اعلیٰ حکام سے نوٹس کی اپیل کردی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب سعود آباد تھانے کی حدود لیاقت مارکیٹ خواجہ چوک کے قریب سیاسی جماعت کے سیکٹر ممبر ندیم عرف سنی ،کارکن اظہار نے سرعام سیدھی گولیاں چلائیں اور لاٹھیوں و ڈنڈوں کے استعمال سے دو افراد کو زخمی کردیا۔
سعود آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کرگولیوں کے خول برآمد کر لئےجبکہ پولیس کا بیٹر ندیم عرف سنی ،کارکن اظہاراور عابد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے فائرنگ اظہار اورندیم عرف سنی نے کی اور ان کے پاس غیر قانونی کلاشنکوف بھی موجود ہے، مکینوں کا کہنا ہے کہ سعود آباد پولیس کے بیٹر ندیم عرف سنی نے علاقے میں دہشت پھیلا رکھی ہے، علاقے میں ممنوعہ گٹکاماوا اور نشہ آور اشیاء کی فروخت جاری ہے۔
علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملزم ندیم عرف سنی اور اس کے کارندوں کی جانب سے علاقے میں کھلے عام اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کی شکایات بھی عام ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں چند گھنٹوں میں 3شہری قتل، پولیس چیف کا سخت نوٹس