مشہورومعروف سماجی رہنما صارم برنی امریکا سے کراچی ائیرپورٹ پہنچنے پر گرفتار ہوگئے ہیں۔ صارم برنی کو اینٹی ہیومن اینڈ ٹریفکنگ پولیس نے حراست میں لیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کا ایف آئی اے ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ سماجی رہنما صارم برنی پر انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات ہیں۔ الزامات کی بنیاد پر صارم برنی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
رپورٹ میں ایف آئی اے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ صارم برنی پر کافی عرصے سے نظر رکھی جارہی تھی۔ جب صارم برنی امریکا سے کراچی ائیرپورٹ پہنچے تو انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار سماجی رہنما صارم برنی سے ملاقات کیلئے قانونی ٹیم ایف آئی اے دفتر کے باہر پہنچ گئی۔ صارم برنی کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے اور غیر ملکی ایجنسی نے مشترکہ آپریشن کیا ہے۔
ماضی میں صارم برنی ٹرسٹ کے مالک صارم برنی کے خلاف ناکافی ثبوت کی بنیاد پر انہیں گرفتار نہیں کیاجاسکا تاہم اب صارم برنی کو گرفتار کرنے کے بعد ایف آئی اے دفتر میں ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔
قانونی ٹیم دفتر کے باہر پہنچ گئی تاہم صارم برنی ٹرسٹ کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ہم دفتر کے اندر جانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمیں صارم برنی سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
وکلاء کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایف آئی اے کے خلاف پٹیشن بھی دائر کر رکھی تھی۔ تاحال صارم برنی پر لگائے گئے سنگین نوعیت کے الزامات سامنے نہیں آسکے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ صارم برنی کو کس الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔