پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم میں موجودگی کی وجہ سے بھارت میں شدید تنقید کے باوجود فلم سردار جی 3 کے مرکزی اداکار اور معروف گلوکار دلجیت دوسانجھ نے پاکستان میں فلم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جس میں پاکستانی سینما گھروں میں فلم کے لیے بھرپور عوامی جوش و خروش کو دکھایا گیا ہے۔
یہ پنجابی زبان میں بنائی گئی سپرنیچرل کامیڈی فلم 27 جون 2025 کو عالمی سطح پر ریلیز کی گئی تاہم بھارت میں پہلگام دہشتگرد حملے کے بعد بڑھتی سرحدی کشیدگی کے باعث اسے بھارتی سینما گھروں میں ریلیز نہیں کیا گیا۔
بھارت میں ریلیز نہ ہونے کے باوجود سردار جی 3 نے دنیا بھر میں زبردست بزنس کیا، خاص طور پر پاکستان میں جہاں فلم نے پہلے ہی دن کسی بھی بھارتی فلم کی سب سے بڑی اوپننگ کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
اتوار کے روز دلجیت نے یونیورسل سینماز پاکستان کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو کو ری پوسٹ کیا جس میں لاہور اور اسلام آباد کے بڑے سینما گھروں میں ہاؤس فل شوز اور پرجوش تماشائیوں کا منظر دکھایا گیا۔
ویڈیو کا آغاز ہانیہ عامر کے سین سے ہوا جو واضح کرتا ہے کہ فلم میں ان کا کردار کتنا نمایاں ہے، باوجود اس کے کہ وہ تنازع کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ملک میں سب سے بڑی اسکرینز پر 12 شوز،سردار جی 3 کے لیے شاندار ردعمل۔ ضرور آ کر دیکھیں!
دلجیت نے اس ویڈیو کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا، جسے بھارتی تنقید کا نرم لیکن مضبوط جواب سمجھا جا رہا ہے۔
فلم کے پروڈیوسرز کے مطابق سردار جی 3 نے پہلے دن 4اعشاریہ 32 کروڑ روپے اور دوسرے دن 6اعشاریہ 71 کروڑ روپے کمائے، یوں صرف 48 گھنٹوں میں 11اعشاریہ 03 کروڑ روپے کا عالمی بزنس کر لیا۔
پاکستان میں اس فلم نے 4اعشاریہ 5 کروڑ روپے کی ابتدائی کمائی کی، جو ملک میں کسی بھی بھارتی فلم کی سب سے بڑی اوپننگ ہے، اس سے پہلے یہ ریکارڈ سلمان خان کی فلم سلطان (2016) کے پاس تھا۔
فلم کے ٹریلر کے ریلیز ہوتے ہی بھارت میں تنازع کھڑا ہو گیا، جس میں ہانیہ عامر کو مرکزی کردار میں دیکھ کر مختلف بھارتی فلم تنظیموں نے سخت تنقید کی۔
ویسٹرن انڈین سنیما فیڈریشن نے فلم کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ متعدد انڈسٹری رہنماؤں نے فلم بارڈر 2 کے پروڈیوسرز کو خط لکھ کر دلجیت کو کاسٹ سے نکالنے کا مشورہ دیا۔
یہی نہیں معروف فلمساز امتیاز علی سے بھی دلجیت کو آئندہ فلم سے نکالنے کی درخواست کی گئی تاہم امتیاز علی نے میڈیا سے گفتگو میں دلجیت کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ’’محبِ وطن اور انتہائی پیشہ ور‘‘ قرار دیا۔