بھارتی پنجابی فلم سردار جی 3 آج بین الاقوامی سطح پر ریلیز ہو رہی ہے لیکن ریلیز سے محض ایک روز قبل فلم کی مرکزی اداکارہ نیرو باجوہ کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک غیر متوقع قدم نے شائقین اور میڈیا کو حیران کر دیا ہے۔
نیرو باجوہ نے نہ صرف فلم سردار جی 3 سے متعلق تمام تشہیری پوسٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں بلکہ فلم میں ان کی ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا ہے۔
یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب فلم کو خاص طور پر پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی کاسٹنگ پرپہلے ہی بھارت میں ریلیز نہ کیے جانے کے فیصلے پر تنقید کا سامنا ہے ۔
سردار جی 3 جو کہ دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ اور ہانیہ عامر پر مشتمل ایک معروف پنجابی فلمی فرنچائز کی تیسری قسط ہے، ایک کامیڈی اور ہارر فلم ہے جسے ارور ہنڈل نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
یہ فلم آج یعنی 27 جون کو یوکے، امریکا، کینیڈا، مڈل ایسٹ اور دیگر بین الاقوامی سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے تاہم بھارت میں یہ فلم حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں عوامی دباؤ کے باعث ریلیز نہیں کی گئی۔
فلم کے مرکزی چہروں میں شامل نیرو باجوہ نے اب تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا مگر ان کی خاموشی اور سوشل میڈیا سے فلمی مواد ہٹانا، یہ اشارہ دیتا ہے کہ وہ موجودہ تنازع سے خود کو الگ رکھنا چاہتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیرو کو بھارتی سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر کے خلاف ہونے والے بائیکاٹ مہم کے تناظر میں نشانہ بنایا جا رہا تھا جس کے بعد انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔
اداکار دلجیت دوسانجھ نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے گفتگو میں کہا کہ فلم کی شوٹنگ پہلگام حملے سے پہلے ہو چکی تھی اور اس وقت دونوں ممالک کے حالات نسبتاً معمول پر تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم کا بھارت میں ریلیز نہ ہونا ایک کاروباری فیصلہ ہے جسے وہ پروڈیوسرز کی حمایت کے طور پر قبول کرتے ہیں۔
پروڈیوسر گن بیر سنگھ سدھو نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ فلم کی بھارت میں نمائش روکنے کا فیصلہ ایک ’’سیاسی مجبوری‘‘ تھا جس سے انہیں تقریباً 40 فیصد مالی نقصان ہوا ہے تاہم وہ فلم کی عالمی کامیابی پر پرامید ہیں۔اب تک ہانیہ عامر کی جانب سے بھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔