پاکستانی اداکارہ ماوراحسین کی بالی ووڈ فلم صنم تیری قسم آج برطانوی سینما گھروں میں ریلیز ہورہی ہے، بھارت میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اس فلم سے بیرونِ ملک بھی بزنس کی توقع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ریکارڈ توڑ کامیابی کے بعد آج 14 مارچ کو صنم تیری قسم برطانیہ کے متعدد سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ بھارتی میڈیا نے یہ بات آج ہی رپورٹ کی۔ پاکستانی سپراسٹار ماورا اور بھارتی اداکار ہرش وردن نے اس فلم میں نمایاں کردار نبھائے ہیں۔
دلچسپ طور پر صنم تیری قسم برطانیہ کے سینما گھروں میں دکھائی جانے والی پہلی بھارتی فلم ہوگی۔ فلم کی کہانی معروف اسکرین رائٹر رادھیکا راؤ نے تحریر اور پروڈیوس کی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ “صنم تیرے قسم” کی نو سال بعد باضابطہ ری-ریلیز کے بعد زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
فلم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنے ہندی سینما میں دوبارہ نمائش کے پہلے ہی ہفتے میں بے پناہ کامیابی حاصل کی اور صرف چھ دن میں اپنی ابتدائی کمائی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 26.50 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔
یہ یقیناً ماورا حسین کے لیے بہترین شادی کا تحفہ ثابت ہوا، جو حال ہی میں اپنی زندگی کے ساتھی عامر گیلانی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔ فلم ڈائریکٹرز رادھیکا راؤ اور وینے سپرو نے ماورا حسین کی فلم کے دوران بے پناہ محنت، لگن اور غیر معمولی کارکردگی کو سراہا ہے۔
فلم کی خاص بات؟
صنم تیری قسم دراصل ایک المناک داستانِ عشق ہے جو بے لوث، سرشار اور مکمل محبت کے تصور پر مبنی ہے، چاہے وہ کٹھن مشکلات اور تقدیر کے سامنے ہی کیوں نہ ہو۔ فلم کی کہانی یہ ظاہر کرتی ہے کہ سچی محبت سماجی رکاوٹوں، ذاتی مشکلات، حتیٰ کہ مقدر کی زنجیروں کو بھی توڑ سکتی ہے، مگر ساتھ ہی یہ بھی بتاتی ہے کہ اتنی گہری محبت اکثر بے پناہ قربانی اور بعض اوقات دل ٹوٹنے کا سبب بنتی ہے۔ دوسرے الفاظ میں ہمیں اس کہانی سے یہ سبق ملتا ہے کہ محبت، اپنے خالص ترین روپ میں ہمیشہ خوشگوار انجام اختیار نہیں کرتی بلکہ اس کا اختتام غم اور تکلیف پر بھی ہوا کرتا ہے۔