تحریک انصاف کی اسیر رہنما صنم جاوید کے سینیٹ کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کیلئے درخواست مسترد کردی گئی۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے صنم جاوید کے والد کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کے کاغذات پر جیلوں میں دستخط کرانا ہمارا اختیار نہیں۔
کمیشن کی طرف سے صاف جواب ملنے کے بعد صنم جاوید کے والد نے کاغذات پر دستخط کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں عمران خان نے سینیٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کی منظوری دیدی تھی، جن میں صنم جاوید کا نام بھی شامل تھا، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا سے مراد سعید، فیصل جاوید اور مرزا محمد آفریدی کے ناموں کی بھی منظوری دی گئی تھی۔
پی ٹی آئی کی جاری کردہ لسٹ کے مطابق اعظم سواتی اور ارشاد حسین ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار ہوں گے۔ خواتین کی نشستوں پر عائشہ بانو اور روبینہ ناز امیدوار ہوں گی۔
پنجاب سے جنرل نشست پر حامد خان اور زلفی بخاری جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر یاسمین راشد امیدوار ہوں گی۔ اس سے قبل انسداد دہشتگردی عدالت سے کاغذات جمع کرانے کی اجازت ملنے پر صنم جاوید نے جیل میں اپنے کاغذات نامزدگی پر دستخط کر دیے تھے۔
مگر بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ان کے دستخط مسترد کردیے، جس کے بعد صنم جاوید سینیٹ الیکشن سے بھی بظاہر ہاہر کر دی گئی ہیں۔