آج سے 4سال قبل ٹی وی اور شوبز انڈسٹری کو الوداع کہنے والی سابق اداکارہ ثنا خان نے مختصر لباس پہننے والی بیوی کی تعریف کرنے والے شوہر کو عزتِ نفس سے محروم قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ثنا خان نے بھارتی ریاست گجرات کے تاجر مفتی انس سعید سے شادی کے بعد گزشتہ سال ہی اپنے بیٹے طارق جمیل کو جنم دیا۔ حال ہی میں روبینہ دلیک کے پوڈ کاسٹ کسی نے بتایا نہیں پر گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کپڑوں سمیت اہم موضوعات پر بات چیت کی۔
گفتگو کے دوران سابق اداکارہ ثنا خان نے کہا کہ انڈسٹری میں کچھ وقت گزارنے کے بعد میں نے مذہب کا رخ کیا۔ ہر انسان کو اچھا لگتا ہے کہ اس کی بیوی سادہ رہے، لیکن کئی بار ایسے مردوں کو دیکھنا پڑتا ہے جو نامناسب لباس پہننے پر اپنی بیوی کی تعریف کرتے ہیں۔
سابق اداکارہ ثنا خان نے کہا کہ مجھے عجیب لگتا ہے کہ آپ کیسے اپنی بیوی کو ایسا لباس پہن کر باہر لے جاتے ہیں؟مردوں کو اپنی شریکِ حیات کے کپڑوں کے انتخاب کے حوالے سے عزتِ نفس کا احساس ہونا چاہئے، لیکن آپ تو اس پر فخر محسوس کرتے اور کہتے ہیں کہ میری بیوی ہاٹ لگ رہی ہے؟
ثنا خان نے کہا کہ یہاں تک بھی ہوتا ہے کہ ایک لڑکا ان کی بیوی سے کہتا ہے کہ وہ بہت ہاٹ لگ رہی ہے، خاص طور پر جب وہ مختصر لباس پہنے۔ اور شوہر اس پر فخر محسوس کرتا ہےَ آپ کی کوئی نہ کوئی عزتِ نفس ہونی چاہئے، آپ کو پتہ ہے کہ وہ آپ کی بیوی کے بارے میں بات کررہا ہے۔