ممبئی: پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق، گینگسٹر لارنس بشنوئی، جو اس وقت تہاڑ جیل میں بند ہے، موسے والا کے قتل کے کلیدی ملزم کے طور پر سامنے آنے کے بعد سلمان خان کی سیکورٹی کو مضبوط کیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ ممبئی پولیس نے دبنگ خان کی مجموعی سیکورٹی کو بڑھا دیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ راجستھان سے کام کرنے والے گینگ کی سرگرمیوں سے محفوظ رہ سکیں۔
سلمان خان اس سے قبل ’ہم ساتھ ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس کے بعد بشنوئی کے ریڈار پر تھے۔
بشنوئی کمیونٹی کالے ہرن کو ایک مقدس جانور مانتی ہے اور سلمان کے غیر قانونی شکار میں ملوث ہونے سے کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی تھی۔ اس نے 2018 میں سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
راہول عرف سنی، 2020 میں قتل کے الزام میں گرفتار بشنوئی کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک، نے کہا کہ انہوں نے سلمان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور قتل کی سازش کرنے کے لیے ممبئی بھی گئے تھے۔
مزید پڑھیں:کانز فلم فیسٹیول میں ’جوائے لینڈ‘ کی کامیابی، پریانکا چوپڑا کی مبارکباد