ممبئی:بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے اسٹار دبنگ سلمان خان جو ماضی میں اپنی گرل فرینڈز کی وجہ سے ہمیشہ سرخیوں میں رہے اب ایک بار پھر ان کا نام ساتھی اداکارہ پوجا ہیگڑے کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ پوجا ہیگڑے اور سلمان خان ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
ان افواہوں کو مزید تقویت اس وقت ملی دبنگ خان نے اپنی آنے والی فلم”کسی کا بھائی کسی کی جان“ میں اپنے سے 24 سال چھوٹی اداکارہ پوجا ہیگڑے کو کاسٹ کیا اور ساتھ ہی ان کے بھائی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔
تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے ان غیر تصدیق شدہ خبروں پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔اب پوجا ہیگڑے نے سلمان کو ڈیٹ کرنے سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا مؤقف دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک انٹرویو کے دوران پوجا نے ان تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل سنگل ہیں، ان کی پہلی ترجیح ان کا کیریئر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سلمان خان سے کسی رشتے سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کا ہر بار بیٹھ کر جواب نہیں دے سکتی، میں سنگل ہوں اور مجھے ابھی سنگل رہنا ہی پسند ہے۔
سلمان خان کی نئی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان عید الفطر پر ریلیز کی جارہی ہے، اس فلم میں پوجا ہیگڑے، شہناز گل، پلک تیواری بھی اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔
مزید پڑھیں:سلمان خان کا پاکستان کی جاسوسی پر مبنی فلم میں کام کرنے سے انکار
واضح رہے کہ ماضی میں سلمان خان ایشوریا رائے، کترینہ کیف سمیت کئی اداکاراؤں کو بھی مبینہ طور پر ڈیٹ کرچکے ہیں لیکن ان کی شادی اب تک نہ ہوسکی۔