ممبئی: بالی ووڈ فلموں کی دبنگ سیریز کا کارٹون ورژن تیار کر لیا گیا ہے، جسے دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے سلمان خان نے مداحوں سے کہا کہ چلبل پانڈے کا استقبال کریں۔
تفصیلات کے مطابق چلبل پانڈے دبنگ سیریز کا مرکزی کردار ہے جسے سلمان خان نے ہیرو کے روپ میں نبھایا اور سیریز کی ہر نئی فلم میں نئی کہانی کے ساتھ مداحوں نے اسے خوب سراہا۔ دبنگ سیریز کا کارٹون ورژن آج پیش کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اداکار سلمان خان نے کہا کہ بچوں سے یاد آیا، سواگت نہیں کرو گے ہمارا؟ چلبل پانڈے ڈزنی پلس ایچ ایس وی آئی پی پر لینڈ ہو رہے ہیں۔ وہی ایکشن، وہی مستی، لیکن ایک نئے اوتار میں یعنی کارٹون سیریز میں پیش کی جائے گی۔
Bachchon se yaad aaya, swagat nahi karoge humara? Chulbul Pandey land ho rahe hai @DisneyplusHSVIP pe. Wahi action, wahi masti, lekin ek naye avatar mein! #SwagatTohKaro #CosmosMaya. https://t.co/jahmou7lB6
— Salman Khan (@BeingSalmanKhan) May 30, 2021
واؤ کڈز ایکشن کی طرف سےدبنگ سیریز کا کارٹون ورژن 30 مئی کو ریلیز کیا جائے گا جس کا ٹیزر یو ٹیوب پر 5 ہزار سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں۔ کارٹون سیریز میں چلبل پانڈے کا کردار بچوں کے ساتھ ساتھ بڑے بھی شوق سے دیکھیں گے۔
قبل ازیں اداکار سلمان خان نے سن 2010ء میں دبنگ سیریز کی پہلی ہی فلم سے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی جس میں چلبل پانڈے ایک پولیس آفیسر ہے جو اپنے مقصد کے حصول کیلئے جان پر کھیل جاتا ہے۔
سیریز کی دوسری فلم دبنگ 2کی ہدایات سلمان خان کے بھائی ارباز خان نے دیں جو سن 2012ء میں ریلیز کی گئی جس میں سوناکشی سنہا، ونود کھنہ، پرکاش راج اور کرینا کپور سمیت دیگر فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔
دو سال قبل 2019ء میں ریلیز کی جانے والی دبنگ 3 سیریز کی اب تک کی آخری فلم تھی جسے مداحوں نے بے حد سراہا۔ فلم میں سوناکشی سنہا کے علاوہ ارباز خان، ورینا حسین، پرمود کھنہ، سدیپ اور نواب شاہ نے اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کے ہاں 2 جڑواں بچوں کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔
کک، ریس 3 اور سلطان سمیت درجنوں بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سلمان خان نے حال ہی میں شہزادہ حمدان کو مبارکباد دیتے ہوئے زندگی کے میدان میں پہلا قدم رکھنے والے دونوں بچوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: شیخ حمدان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش، سلمان خان کی مبارکباد