اسکردو: قومی ہیرو علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے دوسری بار کے ٹو کی چوٹی سر کرکے سبز ہلالی پرچم لہرا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح کے وقت ساجد سدپارہ نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کر لی۔ ساجد سدپارہ اور دو ساتھی کوہ پیما رات 9 بجے کیمپ 4 سے چوٹی سر کرنے کیلئے روانہ ہوئے تھے۔
پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارہ کی کے۔ٹو سر کرنے والی 3 رکنی ٹیم میں کینیڈین فلم ساز ایلیا اور ایک نیپالی شرپا شامل ہیں۔ ساجد سدپارہ نے کہا کہ میرے والد کی میت محفوظ طریقے سے نیچے لائی جارہی ہے۔
کوہ پیما ساجد سدپارہ نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ میرے والد کے حق میں دُعا کریں، ان کی میت کی تصاویر شیئر کرنے سے گریز کریں۔ علی سدپارہ قومی ہیرو ہیں جن کی تدفین کے۔ٹو یا پھر اسکردو میں کی جائے گی۔
قومی ہیرو کے بیٹے ساجد سدپارہ نے کہا کہ میرے والد علی سدپارہ کی میت 2 سے 3 گھنٹے میں بیس کیمپ تک پہنچا دی جائے گی۔ ساجد سدپارہ کے دوسری بار کے ٹو سرکرنے پرمعروف شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل ملک کے مشہور ومعروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی تلاش کر لیا گیا۔ ان کے بیٹے ساجد سدپارہ نے بھی تصدیق کردی۔
ذرائع کے مطابق قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی 2 روز قبل مل گیا، نیپالی شرپاز کی گروپ نے بوٹل نیک سے 300 میٹر نیچے 2 میتیں دیکھیں، علی سدپارہ اور ان کے دوغیرملکی ساتھی سرد موسم کے دوران مہم جوئی کرتے ہوئے بوٹل نیک کے مقام سے لاپتہ ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی تلاش کر لیا گیا، بیٹے کی تصدیق