کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ الیکشن کیلئے نامزد امیدوار سیف اللہ ابڑو اور ایم کیوایم کے امیدوار رؤف صدیقی نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
ایم کیوایم کے رہنماء رؤف صدیقی نے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل کرتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ مجھے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کی حیثیت سے سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما رؤف صدیقی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی ہے۔ قبل ازیں ریٹرننگ آفیسر نے رؤف صدیقی کے ٹیکنو کریٹ نشست پر کاغذاتِ نامزدگی مسترد کردئیے تھے۔
الیکشن ٹریبونل نے بھی رؤف صدیقی کے کاغذاتِ نامزدگی پر دئیے گئے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کر برقرار رکھا تھا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو نے بھی الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ چیلنج کردیا۔
سیف اللہ ابڑو نے فیصلے پر اپیل کرتے ہوئے اپنی درخواست میں کہا کہ الیکشن ٹریبونل نے حقائق کو نظرانداز کیا ہے۔ بطور سینیٹ امیدوار میں ٹیکنو کریٹ کی تشریح پر پورا اترتا ہوں۔ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینےکی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ 35 کروڑمیں دیاگیا، پی ٹی آئی رہنماء کا الزام