کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے منگل کے روز ملیر ایکسپریس وے کے مکمل ہونے والے فیز ون کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انویسٹمنٹ و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ سید خالد حیدر شاہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو اور دیگر اہم شخصیات بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
صوبائی وزیر نے ملیر ایکسپریس وے کے مکمل فیز ون کے آغاز سے اختتام اور اس کے ساتھ ملنے والی لنک روڈز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے یہاں بنائے گئے ٹول پلازہ اور وہاں نصب مشینوں کا بھی جائزہ لیا۔
واٹر بورڈ کے سی ای او صلاح الدین پانی کے کروڑوں روپے ڈکار گئے، تحقیقات شروع
سعید غنی نے کہا کہ “ملیر ایکسپریس وے کراچی کے عوام کے لئے پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک تحفہ ہوگا۔” انہوں نے مزید بتایا کہ فیز ون کا افتتاح آئندہ چند روز میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ “اس ایکسپریس وے سے عوام کو آسان اور بلاتعطل سفر کی سہولیات میسر آئیں گی جبکہ تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے بھی سہولیات فراہم ہوں گی۔” سعید غنی نے کہا کہ “ملیر ایکسپریس وے کراچی کے عوام کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔”