کراچی: کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر سندھ بھر میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں مڈل کلاس تک تعلیم معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ محکمۂ تعلیم نے کورونا کی صورتحال کے پیشِ نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں 8ویں جماعت تک فزیکل کلاسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ 6 اپریل بروز منگل سے اگلے 15 روز کیلئے کلاسز معطل رہیں گی، تاہم بچوں کی تعلیم کو آن لائن، ہوم ورک اور دیگر ذرائع سے جاری رکھا جاسکتا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے Covid کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک میں 6 اپریل بروز منگل سے اگلے پندرہ روز کیلئے Physical کلاسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم بچوں کی تعلیم کو آن لائن، ہوم ورک اور دیگر ذرائع سے جاری رکھا جاسکتا ہے۔
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) April 4, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل ملک بھر میں عالمی وبا کورونا کی تیسری لہر کے سنگین صورتحال اختیار کرنے اور اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت والے وارڈز میں 3 ہزار 568 مریضوں کی ریکارڈ تعداد کے باعث منگل 6 اپریل کو این سی او سی کے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق اعلان کی توقع کی جارہی تھی۔
باخبر ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی اسٹینڈنگ کمیٹی پہلے ہی اسکول بند کرنے کی تجویز دے چکی ہے، جبکہ سندھ میں کورونا وباء پنجاب کے مقابلے میں کافی حد تک کنٹرول میں رہی۔
مزید پڑھیں: ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مکمل لاک ڈاون پر غور شروع