صوبے کے تمام تعلیمی ادارے یکم فروری سےکھول دیئے جائیں گے، سعید غنی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سندھ حکومت کا 23 اگست سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان
سندھ حکومت کا 23 اگست سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے یکم فروری بروز پیر کو کھول دیئے جائیں گے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرِ صدارت صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تعلیی اداروں میں تدریسی عمل کی بحالی اور امتحانات سے متعلق پالیسی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سرکاری کالجز کے عملے کے 13 ہزار 750 کورونا ٹیسٹ کرائے ہیں ان میں 200 افراد کے متاثر ہونے کی رپورٹ ملی ہے، کراچی کے کچھ کالجز میں کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں، ابھی بھی کراچی کے 2 کالجز کورونا کے وجہ سے بند ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ کے تمام اسکول یکم فروری سے کھل جائیں گے، رواں برس تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات صرف جولائی میں ہوں گی، سندھ میں نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا۔

وزیر تعلیم سندھ نے بتایا کہ اس سال بچوں کو امتحانات کے بغیر اگلی جماعت میں ترقی نہیں دی جائے گی۔ نرسری سے آٹھویں جماعت کے امتحانات 7 جون سے شروع ہوں گے، 9ویں اور 10ویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے 15 جولائی تک جاری رہیں گے، 11ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات کا آغاز 28 جولائی سے ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ امتحانات کے دوران کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا، تمام تعلیمی بورڈز امتحانات کے نتائج 90 روز میں تیار کریں گے۔ 9ویں اور 10ویں جماعت کے نتائج 15 ستمبر جب کہ 11ویں اور 12ویں جماعت کے نتائج 15 اکتوبر کو جاری ہوں گے، کوئی کالج 15 اکتوبر سے پہلے داخلہ نہیں دے سکے گا۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ طلبہ کے سہولت کے لئے امتحانات کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی ہے، 9ویں تا 12ویں جماعت کے پریکٹیکلز جون میں اب اسکولوں اور کالجوں میں ہی ہوں گے، پرچے کے لئے 3 گھنٹے کے بجائے اب دو گھنٹے کا وقت ہوگا، ایم سی کیوز کو 50 فیصد کر دیا گیا ہے، 30 فیصد تفصیلی اور 20 فیصد مختصر سوالات دیئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سعید غنی تنقید کرنے کے بجائے سندھ حکومت کی کارکردگی بیان کریں، حلیم عادل شیخ

Related Posts