اسلام آباد:پاکستان کی مشہور خوبرو اداکارہ صبا قمر نے بھی اپنے یوٹیوب چینل کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر انہوں نے آئیسولیشن بائے صبا قمر کے عنوان سے پہلی قسط اپ لوڈ کی ہے۔جسے شائقین کی جانب سے بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے متعدد اداکار اوراداکاراؤں کی جانب سے یوٹیوب چینل چلایا جا رہا ہے جس میں اداکارہ اقرا عزیز، فیصل قریشی، عائشہ عمر اور دیگراداکارائیں بھی شامل ہیں۔
اداکارہ صبا قمر کا انداز سب سے منفرد ہے۔صبا قمر نے اپنے یوٹیوب چینل پر گزشتہ روز پہلی ویڈیو اپ لوڈ کی جس کا عنوان آئیسولیشن بائے صبا قمرجو کہ اداکارہ نے خود ہی لکھا ہے۔
اداکارہ نے اس قسط کی وضاحت کرتے ہوئے بتایاکہ ‘ہم سب لاک ڈاؤن میں ہیں، آئیسولیشن میں رہنا کسی کیلئے آسان نہیں ہے تو میں نے اپنی مایوسی کو دور کرنے کے ساتھ اس کا شکر ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔
صبا قمر نے اس ویڈیو میں لاک ڈاؤن سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار بے حد خوبصورتی سے کیا ہے۔سوشل میڈیا پر اداکارہ کی ویڈیو کو پسند کیا جا رہا ہے اور ان کے ٹیلنٹ کو سراہا بھی جا رہا ہے۔صبا قمر نے پاکستان کے متعدد ڈراموں میں جاندار کردار ادا کرکے کامیابی کی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ صبا قمر کی پہلی قسط پر بھارت کے مقبول ترین گلوکار گرو رندھاوا نے بھی ان کی تعریف کرتے ہوئے اس پیغام کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔