ماسکو: روس میں امریکی صدر جو بائیڈن اور کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سمیت 14 شخصیات کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پابندی کے حوالے سے روسی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر اور کینیڈین وزیر اعظم کے علاوہ امریکا کے 12اعلیٰ عہدیداروں کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جس کا مقصد تمام شخصیات کو ملک میں داخلے سے روکنا ہے۔
یوکرین، کیف میں بڑھتی شیلنگ کے بعد35گھنٹے کا کرفیو نافذ
روس کی عائد کی گئی پابندی کا اطلاق امریکی صدر جو بائیڈن، امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن، سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز، مشیرِ قومی سلامتی جیک سلیوان اور سابق وزیر خارجہ و صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن پر ہوگا۔
قبل ازیں امریکا نے بھی روسی حکام پر ملک میں داخلے کیلئے پابندی عائد کی تھی جس کا روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے جواب آگیا۔ بعد ازاں روسی وزارتِ خارجہ نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل کردیا۔
امریکا اور روس کی جانب سے ایک دوسرے پر عائد کی گئی پابندیاں بظاہر علامتی نظر آتی ہیں کیونکہ روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا سے تعلقات برقرار ہیں۔ ضرورت پڑی تو فہرست میں شامل لوگوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی رابطہ یقینی بنایا جائے گا۔