کراچی: ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں منعقد ہوگا جس کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت اجلاس میں علامہ محمد حسین اکبر، ڈاکٹر راغب نعیمی اور محکمۂ موسمیات کے نمائندے شرکت کریں گے۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے کل کے اجلاس میں ذوالحج کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔ اس حوالے سے زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں سے شہادتیں بھی وصول کی جائینگی۔
شہادتوں کی وصولی کے بعد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ اجلاس میں زونل کمیٹی اراکین اور ماہرینِ موسمیات شریک ہوں گے۔
دیگر اضلاع کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مراکز پر ہوں گے۔ ذوالحج کا چاند نظر آنے کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا جو رواں ماہ 20 یا 21 جولائی کو متوقع ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ 10 جولائی کو ذوالحج کا چاند نظر نہیں آئے گا جبکہ پاکستان میں عید الاضحٰی 21جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے 4 روز قبل عیدالاضحیٰ کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ ذو الحج 1442 کے نئے چاند کی پیدائش 10 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق 6 بج کر 18 منٹ پر ہوگی۔
پیشگوئی کے مطابق 29 ذیقعد یعنی 10 جولائی بروز ہفتہ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے جبکہ یکم ذو الحج 12 جولائی 2021 کو ہوسکتی ہے۔اس اعتبار سے قربانی کی عید 21 جولائی کے روز متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں عید الاضحیٰ 21 جولائی کو ہونے کا امکان،محکمۂ موسمیات