سندھ اسمبلی کی رکن اور اقلیتی امور کی پارلیمانی سیکریٹری روما مشتاق مٹو نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں تمام سرکاری اور نجی اداروں سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں بسنے والی کرسچن قوم کو عیسائی کے بجائے مسیحی لکھا اور پکارا جائے۔
روما مشتاق مٹو نے 2025-2026 کے پری بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسیح کے ماننے والے ہیں، لفظ “مسیحی” ہماری مذہبی اور قومی شناخت کے قریب تر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام سرکاری دستاویزات، تعلیمی نصاب، میڈیا اور دیگر ادارے اس اصطلاح کی اصلاح کریں تاکہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو ان کی اصل شناخت کے مطابق پہچانا جا سکے۔
اپنے خطاب میں روما مشتاق مٹو نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی محافظ رہی ہے اور سندھ میں بسنے والی تمام برادریوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ مذہبی اقلیتوں کے تحفظ اور مساوی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
روما مشتاق کا یہ مطالبہ پاکستان میں اقلیتوں کے لیے مثبت پیش رفت کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے اور اس پر مختلف حلقوں کی جانب سے حمایت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔