اسلام آباد :آل راولپنڈی ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن اور شمالی علاقہ جات و مری کے ہوٹل مالکان اور ورکرز نے کاروبار کی بندش کو100 روز مکمل ہونے پر اسلام آبادمیں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کاکہناہے کہ پابندی نہ اٹھائی گئی توپارلیمنٹ کےباہر دھرنا اورملک بھرمیں حکومت کے خلاف مظاہرے کریں گے۔
اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آل راولپنڈی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر سائیں اعجاز ملک نے کہا کہ کاروبار بند ہوئے سودن ہوگئے۔ برداشت جواب دے گئی ۔
۔ خدارا!! ہماری بھی سنی جائے۔ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر غریب مزدوروں کی مجبوریوں کا احساس نہیں ہوتا۔ حکومت نے کام کرنے کی آئینی اجازت سے محروم رکھا تو پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیں گے۔
ہوٹل اور ریسٹورنٹ انڈسٹری کے مالکان نےکہاروزگار دینے کا وعدہ کر کے اقتدار میں آنےوالی حکومت لوگوں کو بے روزگار نہ کرے۔
چودھری محمد فاروق جنرل سیکرٹری آف راولپنڈی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے اپنے خطاب میں کہاکہ تمام انڈسٹریزکوکام کی اجازت دینےکے بعد ایس او پیز کے تحت ہوٹلز،ریسٹورینٹس اور شادی ہالوں کےساتھ روا رکھے جانےوالا امتیازی سلوک بند کیاجائے۔
ممتاز احمد سرپرست اعلی آل راولپنڈی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ پاکستان بھر کے لاکھوں ریسٹورنٹس اور ہوٹل میں کام کرنے والے ایک کروڑ سے زائد پاکستانیوں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔ حکومت اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں غیر قانونی تجاوزات، سی ڈی اے کا بھتہ فکس، حکام کی چشم پوشی