اسلام آباد:گاؤں کی زمین غیر مقامی افراد کو لیز پر دیئے جانے کیخلاف مہمند ایجنسی کے رہائشیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ ہمارا تعلق ضلع مہمند کے گاؤں رحمت کور موسیٰ خیل سے ہے ہمارا گاؤں 86گھرانوں پر مشتمل ہے۔
یہاں کی تمام بنجر اور آباد زمینیں اور پہاڑ ہماری ملکیت ہیں،قانون اور رواج کے مطابق جس علاقے میں معدنیات پائی جاتی ہیں اس پر پہلا حق اس علاقے کے لوگوں کا ہوتا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ملی کے پی ٹی آئی کے ایم این اے ساجد محمد کے بھائی جو واپڈا میں ڈرائیور ہیں ان کی ایماء پر بھاری رشوت لے کر لیز غیر مقامی افراد کو دے دی گئی ہے جس پر ہم سراپا احتجاج ہیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا قانونی حق ہمیں دیا جائے، ہم نے اس سلسلے میں تحریری درخواست ڈی سی مہمند کو دی تو ڈی سی مہمند نے کہا کہ کہ ہم اس مسئلے کے سلسلے میں بند کمرہ اجلاس کریں گے اور آپ کو بھی بلائیں گے۔
لیکن ہمارے علاقے سے 65 کلومیٹر دور ایک بند کمرہ اجلاس صرف خانہ پری کے لیے کیا گیا،جس میں ہمیں نہ بلایا گیا اور ڈی سی مہمند اور ایم این اے ساجد مہمند نے ملی بھگت سے بھاری رشوت لیکر غیر مقامی افراد کو گاؤں کی زمین لیز کردی۔جو ہمیں منظور نہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم یہ بات حکومت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر اس لیز کو کینسل نہ کیا گیا تو ہم وہاں سے ایک ٹکڑا،پتھر یا ماربل اٹھانے نہیں دیں گے،بے شک ہماری جانیں چلی جائیں۔
ہم غیر قبائلی ہیں ہم نے پاک فوج کے ساتھ مل کر ملک و قوم کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں یہ لیز باہر کے بندے کو دی گئی ہے جبکہ یہ مقامی افراد کا حق ہوتا ہے۔
اگر یہ لیز کینسل نہ کی گئی تو یہ لیز علاقے میں بدامنی اور فساد کا باعث بنے گی،اس لیز کو فوری طور پر ختم کیا جائے،مقامی افراد امیر حمزہ اور نثار خان کو لیز جاری کی جائے اور مستقبل میں علاقے کا امن تباہ ہونے سے بچایا جائے۔