پاکستان کی معروف مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے سندھ میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کے سلسلے میں اپنی فنڈ ریزنگ کا آغاز ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر پنو عاقل کے مندر سے کر دیا۔
جے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات علامہ سمیع الحق سواتی کے مطابق فنڈریزنگ کا آغاز ہندو برادری نے اپنے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر پنوعاقل کے مندر سے کیا، جہاں ہندو برادری کے معززین نے نقد رقوم جمع کیں۔
بیان کے مطابق جے یو آئی سندھ کے اقلیتی ونگ کے رہنماؤں روی کمار کھتری، پھلاج رام، گنشام داس کھتری، پنچا رام سمیت ہندو برادری کے دیگر معززین نے فنڈریزنگ میں عملاً حصہ لیا۔
اس موقع پر جے یو آئی سندھ کے اقلیتی ونگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہندو برادری بھی مولانا فضل الرحمان کے حکم پر علامہ راشد محمود سومرو کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوبرادری پورے صوبے میں جے یو آئی کی فنڈریزنگ برائے فلسطین میں بھرپور حصہ لے رہی ہے، ہم فلسطین میں انسانیت کے قاتل اسرائیل کی جارحیت کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں اور فلسطین کے مظلوم بھائیوں کی ہرممکن مالی اور اخلاقی مدد میں جے یو آئی کے ساتھ ہیں۔
پی ٹی آئی کے تیروں کا نشانہ بننے والا ‘مولوی برائے فروخت’ کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی اس مہم کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے مولانا فضل الرحمان اور علامہ راشد سومرو کی اپیل پر سندھ کی تمام ہندو برادری میں امدادی مہم چلائیں گے۔