کراچی:میئرکراچی وسیم اختر نے کراچی میں مون سون کی بارشوں کے باعث متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ خصوصاً انڈر پاسیز میں جمع ہونے والے برساتی پانی کی فوری نکاسی کا عمل شروع کردیا جائے تاکہ شہریوں کو پریشانی سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ تمام ڈی ایم سیز اپنے اپنے علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔تاکہ شہری مشکلات سے دوچار نہ ہوسکیں۔
میئر کراچی وسیم اختر نے ڈائریکٹر سٹی وارڈنز کو ہدایت کی کہ سٹی وارڈنز کو فوری طور پر سڑکوں پر پہنچا کر ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں ٹر یفک پولیس کی مدد کریں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں، درختوں، اور برقی آلات سے دور رہیں، انہوں نے کے الیکٹرک سے درخواست کی کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی فوری بحال کرے، شہریوں کے صبر کا امتحان نہ لے، اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔