اسلام آباد: وزیر اعظم پشاور کے ایک روزہ دورے کیلئے روانہ ہوگئے تاہم ریجنل الیکشن کمشنر پشاور کا دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان کا دورۂ پشاور الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہوگا، مشورہ ہے کہ پشاور نہ آئیں، ورنہ قانونی کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل الیکشن کمشنر پشاور نے وزیر اعظم کو مراسلہ تحریر کیا ہے جس میں ان کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر پشاور نے بھی وزیر اعظم کو پشاور کے دورے سے اجتناب کا مشورہ دے دیا۔
نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح، وزیر اعظم پشاور کا ایک روزہ دورہ آج کریں گے
حکومتی معاشی پالیسیاں درست سمت میں جارہی ہیں،وزیراعظم
ریجنل کمشنر پشاور سعید احمد خان کا مراسلے میں کہنا ہے کہ خبروں کے مطابق آپ پاکستان کارڈ کے افتتاح کیلئے پشاور آرہے ہیں، اس لیے مشورہ دیتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کریں۔
مراسلے کے مطابق ریجنل الیکشن کمشنر و ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پشاور سعید احمد خان نے دھمکی دی کہ اگر وزیر اعظم نے پشاور میں کسی لوکل کونسل کا دورہ کیا یا حلقے میں انتخاب کے اعلان کے بعد کسی سرکاری اسکیم کا اعلان کیا تو قانونی کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی کہ وزیر اعظم عمران خان پشاور کا ایک روزہ دورہ آج کریں گے، اس موقعے پر نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کیا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود دورے کیلئے روانہ ہوگئے۔
وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ سرکاری دورۂ پشاور کے موقعے پر نیا پاکستان کارڈ کا افتتاح کریں گے، افتتاحی تقرب سے وزیر اعظم کا خطاب بھی متوقع ہے جبکہ اہم اجلاسوں کی صدارت اور اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی۔