راولپنڈی:جڑواں شہروں میں درجنوں سکیورٹی گارڈز کمپنیاں بغیر پولیس اسٹیشن میں انٹری کے سکیورٹی گارڈ بھرتی کرنے لگیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں اس وقت درجنوں سکیورٹی گارڈ کمپنیاں ایسی ہیں جو بغیر پولیس ویری فکیشن کے سکیورٹی گارڈ بھرتی کر چکی ہیں۔
جن میں اکثریت سکیورٹی گارڈز سرحدی علاقوں کے رہائشی ہیں۔ جو اپنے سرحدی علاقوں سے بھاگ کر راولپنڈی اسلام آباد میں چھپ کر سکیورٹی گارڈ کی ڈیوٹی کررہے ہیں۔
راولپنڈی اسلام آباد میں ایسی سیکورٹی کمپنیاں سرعام چل رہی ہیں جن کے لائسنس وزارت داخلہ میں سالانہ فیس جمع نہ کروانے پر بلیک لسٹ قرار دے دیئے جا چکے ہیں، مگر اس کے باوجود ایسی سکیورٹی کمپنیاں صرف مقامی تھانوں کی مبینہ ملی بھگت سے چل رہی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کمپنیاں آج تک اپنے پاس بھرتی سکیورٹی گارڈز کی ای او آئی بی تک نہ کرواسکیں،ان سیکورٹی کمپنیوں کو روکنے والا نہیں۔
اگر پولیس سیکورٹی گارڈز جو ڈیوٹی کررہے ہیں ان سے پوچھ گچھ کرتے ہوئے ان کا ڈیٹا حاصل کرنا شروع کریں تو اکثر سیکورٹی گارڈ مقدمات میں مفرور اشتہاری اور کسی نہ کسی تنظیم سے وابستگی رکھتے ہیں، اگر صحیح معنوں میں انکوائری کی جائے تو انہیں قانون کی گرفت میں لیا جاسکتا ہے۔