راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی گورننگ باڈی نے مالی سال 21-2020ء کیلئے 3520.836 ملین روپے اورواسا کے 2059.929 ملین روپے خسارے کے سالانہ بجٹ کی منظوری دے دی ہے جس میں 2395.22 ملین روپے ترقیاتی کاموں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔
گورننگ باڈی نے ریڈیو پاکستان روات این 5 سے سنگ جانی این 5تک65.8 کلومیٹر راولپنڈی رِنگ روڈ (آر آر آر) منصوبے کی الائنمنٹ کی منظوری دے دی جس کے ساتھ صنعتی، تعلیمی، تفریحی، میڈیکل ہیلتھ، رہائشی اور ایئر پورٹ کے قریب اربن ایریا سمیت خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) بھی تعمیر کئے جائیں گے۔
نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری گزشتہ روزگورننگ باڈی کے 48 ویں اجلاس میں دی گئی۔ آر ڈی اے کانفرنس روم میں چیئرمین آر ڈی اے طارق محمود مرتضیٰ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے اور ایم ڈی واسانے اپنے اداروں کا الگ الگ بجٹ پیش کیا۔
بجٹ کے کل اخراجات میں سے 2395.22 ملین روپے ترقیاتی کاموں کیلئے مختص کیے گئے۔اجلاس کو بتایا گیاکہ گزشتہ مالی سال میں مختلف ہیڈز آف اکاؤنٹ میں بچت ہوئی۔ گورننگ باڈی نے مالی سال 21-2020ءکیلئے واسا کے 2059.929 ملین روپے خسارے کے بجٹ کی منظوری بھی دی جو منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) واسا نے پیش کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا کے پیش کردہ بجٹ میں متوقع کل آمدنی 1589.079 ملین روپے رکھی گئی جبکہ کل اخراجات 3649.008 ملین روپے ہیں۔واٹر سپلائی نیٹ ورک، بجلی بل، سیوریج لائن وغیرہ میں بہتری کیلئے اخراجات کا بڑا حصہ مختص کیا گیا ہے۔
چیئرمین آر ڈی اے نے کہا کہ ہم راولپنڈی کے عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔عوام کی شکایات کو دور کرنے اور پالیسی امور کا جائزہ لینے کے لئے گورننگ باڈی کا اجلاس ماہانہ بنیادوں پر ہوگا تاکہ عوام کے مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جاسکے۔
اِس اہم اجلاس میں گورننگ باڈی کے ممبران، میجر (ر) محمد لطاسب ستی، ایم پی اے محترمہ نسرین طارق ایم پی اے (ڈبلیو 301)، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے عمارہ خان، ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود، ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس آر ڈی اے خالد جاوید گورایہ، فنانس ڈیپارٹمنٹ، کمشنر آفس ، ڈپٹی کمشنر آفس کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: آر ڈی اے نے غیر قانونی اسکیم کے 2 دفاتر مسمارکردئیے