راولپنڈی کے کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات کرانے پر 3بلڈنگ چیکرز کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ معاملے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
کنٹونمنٹ بورڈ حکام کے مطابق بورڈ کے چیف انجینئر غلام عباس سارے معاملے کی تحقیقات کریں گے جس سے یہ پتہ چل سکے گا کہ بلڈنگ چیکرز کن عناصر کی ملی بھگت سے اس غیرقانونی کام میں ملوث ہوئے اور واقعے کے تمام ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔
آر سی بی (راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ) کے اعلیٰ حکام کے مطابق راجہ ارشد، عاصم اور فیض ظہور نامی بلڈنگ چیکرز کو غیر قانونی تعمیرات کے ناجائز کام میں ملوث ہونے اور بدعنوانی کے الزام میں عہدے سے معطل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بلڈنگ چیکرز راجہ ارشد، فیض ظہور اور عاصم راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 6، 8 اور 10 میں تعینات تھے جہاں ان کی معطلی کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی جبکہ غیر قانونی تعمیرات روک دی گئی ہیں۔