راولپنڈی: انجمن تاجران پنجاب کے مرکزی صدر شرجیل خان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان وہ واحد مہینہ ہے جس میں ہمارا کاروبار زیادہ ہوتا ہے۔ ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ مارکیٹیں کھولنے کا وقت بڑھایا جائے، تاجر کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرائیں گے۔
راولپنڈی میں کورونا وبا کی تیسری لہر میں دو دن کاروبار بند رکھنے اور پانچ دن کاروبار کے اوقات سے پریشان انجمن تاجران پنجاب کے مرکزی صدر شرجیل خان کا ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی دو لہروں کے دوران ہم بہت زیادہ متاثر ہوئے ہمارے کاروبار تقریباً بند ہو چکے تھے جس کا خمیازہ ہم اب تک بھگت رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تیسری کے دوران بھی یہی حال ہے تاجروں کا سارے سال میں ایک ہی مہینہ ہوتا ہے جس میں زیادہ کاروبار ہوتا ہے جبکہ ہمیں کہا گیا ہے کہ صبح 6 بجے سحری کرنے کے بعد شام 6 بجے تک کاروبار کریں اچھی بات ہے یہ شرعی طریقہ ہے لیکن پہلے قوم کی تربیت کی بھی ضرورت ہے۔
شرجیل خان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری و غیر سرکاری دفاتر بھی صبح 6 بجے کھلنے چاہئیں تاکہ سارے مسائل حل ہو سکیں، ان کا کہنا تھا کہ مسائل پیدا ہی نہ ہوں ، ہم کورونا ایس او پیز کے تحت کام کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کو چھوٹے تاجروں کا بھی سوچنا چاہیے کورونا وبا سے سب سے زیادہ چھوٹے تاجر متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سارے تاجروں کی دکانیں کرائے کی ہوتی ہیں انہوں نے ملازم بھی رکھے ہوتے ہیں اس لیے گورنمنٹ کو چاہیے کہ تاجروں کو ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے سوال کیا جب دو دن کاروبار بند ہوتا ہے تو کیا کورونا کی بھی چھٹی ہوتی ہے۔
صدر انجمن تاجران پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں دیگر ممالک کے مقابلے میں مضبوط جسم کے لوگ بستے ہیں۔ ہم حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور آئندہ بھی تعاون کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ جب بھی تاجروں کے حوالے سے قوانین بنائیں یا پنجاب حکومت تو اس میں تاجروں کے نمائندوں کو بھی لازمی شامل کریں تاکہ بہترین قانون سازی ہو سکے اور تاجروں کے مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کا راولپنڈی میں قائم سستے بازار میں معیاری اشیاء فراہم کرنے کا مطالبہ