راولپنڈی:روات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے، بین الاضلاعی گروہ کو سرغنہ ارسلان ڈکیت سمیت گرفتار کرلیا، جبکہ گینگ کے قبضے سے 25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کامسروقہ لوٹا ہوا سامان بھی برآمدکر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 06 رکنی ارسلان ڈکیت گینگ کے تمام ارکان کو گرفتار کر کے شناختی پریڈ کے بعد تفتیش کی گئی،ملزمان سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے مختلف وارداتوں میں چھینی گئی لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، 4 عددلیپ ٹاپ،14 موبائل فونز، چوری شدہ 04عدد125 موٹرسائیکلیں، 02عدد CD70 موٹر سائیکل،طلائی و آرٹیفیشل زیورات اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ وخنجر برآمد کر لئے گئے ہیں۔
ملزمان نے تھانہ روات، تھانہ سول لائن سمیت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، گرفتار ملزمان میں ارسلان خالد،شان علی، اویس،وقار احمد اورندیم اسلم شامل ہیں۔
ڈکیت گینگ کے ملزم افتخار کو قبل ازیں گرفتار کر کے جیل بھجوایا جا چکا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی اور رابری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔