راولپنڈی: شہر کے تمام فلٹر پلائنٹس کے فلٹر عرصہ دراز سے تبدیل نہیں کیے گئے اور نہ ہی مینٹیننس کا خیال رکھاگیا، جس کے باعث اکثر فلٹر پلائنٹ بند یا خراب ہوچکے ہیں جبکہ نلکے بھی اترے ہوئے ہیں۔فلٹر بروقت تبدیل نہ ہونے کی وجہ سے عوام آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔
ظہیراحمداعوان چیئرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی و سابق سٹی جنرل سیکریڑی تحریک انصاف نے شہر کی مختلف یونین کونسلوں گلاس فیکٹری چوک آصف کالونی محلہ حکم داد،ڈھوک کھبہ،امرپورہ،کمرشل مارکیٹ،صادق آباد،ملت کالونی فلٹر پلائنٹس کے دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ واسا مجرمانہ غفلت لاپرواہی کی مرتکب ہورہی ہے۔
منتخب نمائندے ووٹ لینے کے بعد صرف قومی اور صوبائی اسمبلیوں اور اپنے گھروں اور دفتروں تک محدود ہو چکے ہیں۔ شہریوں کو بے یار ومددگار چھوڑ دیا گیا ہے آگے ہی گھروں میں آلودہ پانی سپلائی کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے شہری ہیپاٹائٹس سے میدے،گردوں اور جلدی بیماریوں کا شکار ہیں۔
اوپر سے تمام فلٹر پلائنٹس بھی صرف علامتی ہی ہیں ان کے فلٹر بھی تبدیل نہیں ہوتے اور نہ ہی صفائی اور مرمت کی جاتی ہیں، اکثر نلکے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں لیکن کوئی توجہ دینے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اگلے ہفتے سے تمام فلٹر پلائنٹس کے میڈیا کے ہمراہ دورے کریں گے اور ان کی حالت زار دیکھیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کرتے ہیں کہ فی الفور تمام فلٹریشن پلانٹس کے فلٹر تبدیل کروائے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف پانی سہولت میسر ہوسکے۔