راولپنڈی: راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے)نے مالی سال 2021-22 کے لئے آر ڈی اے اور واسا کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری ہفتہ کے روز آر ڈی اے کے 55ویں گورننگ باڈی اجلاس میں دی گئی۔
چیئرمین آر ڈی اے طارق محمود مرتضیٰ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے آر ڈی اے کا سالانہ بجٹ پیش کیا اور گورننگ باڈی نے 2379.005 ملین روپے جبکہ واسا کے 2.9 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔
چیئرمین آر ڈی اے کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال میں آر ڈی اے نے معین کردہ 295 ملین روپے کے ریونیو ٹارگٹ کے مقابلے میں 559 ملین ریونیو حاصل کیا جو مقررہ ریونیو ٹارگٹ سے 264 ملین زیادہ ہے جبکہ آر ڈی اے نے اپنے غیر ترقیاتی اخراجات میں 189 ملین کی بچت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آر ڈی اے نے ایک سال میں 1300 نقشے منظور کئے جبکہ راولپنڈی میں ڈیفنس چوک اور کچہری چوک میں 2 انڈر پاس بن رہے ہیں، ڈیفنس چوک انڈر پاس 2.2 ارب روپے اور کچہری چوک انڈر پاس پر 3.6 ارب روپے لاگت آئے گی۔
جبکہ کچہری چوک اپنی نوعیت کا پہلا انڈر پاس ہے جو 2 لیول ٹیوب پہ مبنی ہے اسی طرح نئی ترقیاتی سکیموں کے لئے مختص بجٹ 1984 ملین روپے کا بڑا حصہ شامل ہے جاری ترقیاتی سکیموں بشمول ڈرائی پورٹ روڈ کی رحیم آباد فلائی اوور سے ائیرپورٹ روڈ سیویلفیئر کمپلیکس کے راستے چکلالہ ریلوے اسٹیشن شیل ڈپو راولپنڈی کے لئے 50 ملین روپے تخمینہ اور ایئر پورٹ راولپنڈی میں 3 پیڈسٹرین پل کی تعمیر لئے69 ملین روپے کا تخمینہ رکھا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مالی سال2021-22کے لئے آمدنی کا ہدف 433.325 ملین روپے رکھا گیا ہے اور آر ڈی اے نے گزشتہ مالی سال کے لئے وصولی کا ہدف حاصل کرلیا ہے،تنخواہ و پنشن، بجلی، ٹیلیفون سمیت غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے 395.001 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں گورننگ باڈی نے مالی سال-22 2021 کے لئے واسا کے 2.9 ارب روپے کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) واسا نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال میں واسا نے معین کردہ 862.8 ملین ریونیو ٹارگٹ کے مقابلے میں 1151 ملین ریونیو حاصل کیا اور اس سال کے لئے 1185 کا ہدف مقرر کیا گیا گزشتہ سال اخراجات کا تخمینہ 3.182 ارب تھا جس کے مقابلے میں 1.6 ارب روپے خرچ کئے گئے رواں مالی سال کے لئے ڈویلپمنٹ کے حوالے سے پنجاب حکومت کی معاونت سے 1.06 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں گورننگ باڈی کے ممبران میجر (ر) محمد لتاسب ستی ایم پی اے پی پی 6، حاجی امجد محمود چوہدری ایم پی اے پی پی 13، محترمہ نسرین طارق ایم پی اے (ڈبلیو 301)، مقرب علی خان ٹیکنیکل ممبر، ڈی جی آر ڈی اے، ایم ڈی واسا، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس آر ڈی اے، ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی آر ڈی اے،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس آر ڈی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ آر ڈی اے، فنانس ڈپارٹمنٹ، ایچ یو ڈی اور پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ، محکمہ لوکل گورنمنٹ، کمشنر آفس راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی اور دیگر افسران آر ڈی اے و واسا نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی سائنسدانوں نے زلزلے کی پیشگی اطلاع دینے والی ایپ تیار کرلی