بدھ کے روز دنیا بھر کے بلے بازوں نے سکون کا سانس لیا جب روی چندرن ایشون نے اپنی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، بھارت کے اس اسپنر نے 500 سے زائد ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں، جس میں ان کی خطرناک “کیرم بال” بھی شامل تھی۔
بھارت کے 38 سالہ ایشون کو آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا لیکن ایڈیلیڈ میں ہونے والے ڈے نائٹ دوسرے میچ میں واپسی کی، جہاں انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ ان کا آخری ٹیسٹ ثابت ہوا کیونکہ برسبین میں ایشون دوبارہ ٹیم سے باہر کر دیے گئے، جہاں بھارت نے بارش سے متاثرہ مقابلے میں میچ ڈرا کیا۔
ایشون نے 106 ٹیسٹ میچوں میں 537 وکٹیں حاصل کیں، جو بھارت کے لیے انیل کمبلے کی 619 وکٹوں کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 116 ون ڈے اور 65 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے، تمام فارمیٹس میں 765 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی
ایشون نے کپتان روہت شرما کے ساتھ صحافیوں کو بتایا، “یہ میرے لیے تمام فارمیٹس میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے آخری دن ہے۔”انہوں نے مزید کہا، “میں سمجھتا ہوں کہ میرے اندر بطور کرکٹر ابھی کچھ طاقت باقی ہے لیکن میں اسے کلب لیول کرکٹ میں ظاہر کرنا چاہوں گا۔”
ایشون نے 2010 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا اور انیل کمبلے کی ریٹائرمنٹ کے بعد پیدا ہونے والے خلا کو پُر کیا۔ایشون بھارت کی ٹرننگ پچز پر میچ جیتنے والے کھلاڑی کے طور پر اُبھرے۔ ان کی بہترین کنٹرول اور طویل اسپیل کرنے کی صلاحیت نے انہیں بھارتی ٹیم کا قیمتی اثاثہ بنایا۔