اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو الیکشن پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے ہروایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کسی کے حق میں نہیں، عدالت دفعہ 63اے کے تحت سپریم کورٹ کا فیصلہ نافذ کرنے کی کوشش میں ہے۔ تحریکِ انصاف نے پٹیشن ہی کیوں دائر کی، اگر انہیں پنجاب اسمبلی مکمل نہ ہونے کا شکوہ ہے؟
انتخاب کالعدم، فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے۔عمران خان
گفتگو کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریکِ انصاف تو چاہتی تھی کہ ہر روز سماعت کی جائے۔ اپنے بندوں کو کہیں سے فون آنے کے بارے میں عمران خان کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے، یا تو ان کے بندے جھوٹ بول رہے ہیں یا پھر عمران خان مداخلت نہ کرنے والے اداروں کو سزا دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں اس جھوٹے کو عوام ووٹ دینے والے نہیں ہیں۔ ملتان کی نشست پر شاہ محمود قریشی کو ہروانے میں جہانگیر ترین کا ہاتھ تھا۔ آگے ان کے صاحبزادے شاہ زین قریشی کو ہرانے کیلئے بھی جہانگیر ترین کا ہی ہاتھ ہوگا۔