اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سینئرصحافی ارشد شریف کے قتل کے تانے بانے عمران خان کی طرف جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فیصل واؤڈا کی پریس کانفرنس کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔ ارشد شریف کے قتل کے تانے بانے عمران خان کی طرف جاتے ہیں اور فیصل واؤڈا کے بعد کسی اور شہادت کی ضرورت نہیں رہتی۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری یومِ سیاہ آج منا رہے ہیں
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ فیصل واؤڈا نے اس فیملی کو بے نقاب کردیا جس کا کاروبار دبئی اور کینیا میں ہے۔ دو ہی شخصیات ہیں جن پر دھیان جاتا ہے۔ جیسے ہی ارشد شریف کی میت پاکستان آنے لگی تو عمران خان نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ فیصل واؤڈا نے گزشتہ شب پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی۔ مقتول کا کوئی لیپ ٹاپ یا موبائل فون نہیں ملے گا کیونکہ تمام شواہد تو مٹا دئیے گئے۔ ارشد شریف کو گولیاں گاڑی کے اندر سے ماری گئیں۔
پریس کانفرنس کے دوران فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی شہادت کوئی حادثہ نہیں۔ وہ ملک چھوڑنے کیلئے تیار نہیں تھے۔ ان کو دبئی سے نکلوانے کی بات بے بنیاد ہے۔ کچھ دنوں میں سب پردے چاک کردوں گا، مجھے کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار 3 گھنٹوں میں مریں گے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی نے فیصل واؤڈا کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔ فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کو نہیں، عمران خان کو جواب دہ ہوں۔ مجھے مارچ میں لاشیں نظر آئیں، اس میں پارٹی پارلیسی کے خلاف کیا ہے؟